اقوام متحدہ، او آئی سی بھارتی جیلوں میں نظربندکشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لیں

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ حریت رہنماوں سمیتہزاروں کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا فوری نوٹس لیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنما سید فیض نقشبندی نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لئے سیاسی رہنماوں، حریت پسند کارکنوں، صحافیوں، وکلاء، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کے ارکان کو پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام جیسے کالے قوانین کے تحت نظربند کیاہے۔انہوں نے کہا کہ نظربند کشمیریوں کو طبی سہولیات، اہلخانہ سے ملاقات اور منصفانہ ٹرائل کے حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیری نظربندوں کے تحفظ اور فوری رہائی کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کریں اور بھارت کو انسانی حقوق کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے حوالے سے جوابدہ بنائیں۔







