مقبوضہ جموں و کشمیر
راجوری کے ہوٹل میں کانگریس رہنما کی پراسرارموت

جموں: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کانگریس کا ایک سینئر رہنما فاروق خان راجوری میں ایک ہوٹل کے کمرے میں پراسرار حالت میں مردہ پایاگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راجوری کے علاقے منجکوٹ سے تعلق رکھنے والا فاروق خان گزشتہ رات راجوری بس سٹینڈ کے قریب ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ پایاگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وہ ہوٹل پہنچ گئے۔ لاش کو تحویل میں لے کر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے پوسٹ مارٹم کیا۔حکام نے بتایا کہ فاروق خان کی موت کی وجوہات کا تعین ہونا ابھی باقی ہے۔ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس مرحلے پر کسی امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا اور موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مزید تفتیش کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔







