نئی دلی: یوم جمہوریہ کے موقع پر خاتون اغوا، اجتماعی عصمت دری کی گئی
نئی دلی 27 جنوری (کے ایم ایس)
26 جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پردارلحکومت نئی دلی میں ایک خاتون کو اغواکرنے کے بعد اجتماعی عصمت دری کانشانہ بنایاگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ بھارتی دارالحکومت نئی دلی کے علاقے وویک وہار میں پیش آیا۔ خاتون کے سرکے بال کاٹ دیے گئے، اسے جوتوں کاہار پہنایاگیا اور ملزمان نے خاتون کو اس حالت میں سڑکوں پر گشت کرایا ۔شادی شدہ خاتون جو ایک بچے کی ماں بھی ہے پر اس کے ہمسایہ میں ایک نوجوان کی اس کی وجہ سے خودکشی کا الزام لگایاگیا ہے ۔ نوجوان کے اہلخانہ نے اسکی خودکشی کا ذمہ دار خاتون کو ٹھہرایاہے۔دلی پولیس نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں اب تک چار لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔دلی کمیشن برائے خواتین نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے۔کمیشن کی سربراہ سواتی مالیوال نے کہا ہے کہ کمیشن دلی پولیس کو بھی نوٹس جاری کرے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ خاتون کو شراب فروخت میں ملوث لوگوں نے اغوا کرنے کے بعد اجتماعی عصمت دری کانشانہ بنایا ہے۔