بانڈی پورہ: ایس آئی اے کی طرف سےدو کارکنوں کے گھروں پر نوٹس چسپاں

سرینگر: نئی دہلی کے زیرِ کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے نے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں دو کارکنوں کےگھروں پر نوٹس چسپاں کیے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایس آئی اے نے ضلع کے ناز کالونی اور پٹوشے علاقوں میں جمیل شیرگوجری اور حاشر رفیق پرے کے گھروں پر نوٹس چسپاں کیے ہیں۔ایس آئی اے کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کے2016 اور 2018 میں آزاد کشمیر، پاکستان کے درست پاسپورٹس پر سفر کرنے اور آزادی پسند سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر یہ نوٹس چسپاں کیے گئے ہیں
یہ اقدامات بھارت کی بی جے پی حکومت کی کشمیری کی آزادی کے لئے جاری پرامن سرگرمیوں کو دبانے اور ان کشمیریوں کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں جو تعلیم یا رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے آزاد کشمیرجاتے ہیں۔1947 میں جموں و کشمیر پر بھارت کے فوجی قبضے کے بعد سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہزاروں خاندان کنٹرول لائن کی وجہ سے منقسم ہوگئے تھے۔








