وزیراعظم شہباز شریف کا سید علی گیلانی کوشاندار خراج عقیدت
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بزرگ کشمیری حریت رہنما اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے بانی رہنماسید علی گیلانی کو ان کے پانچویں یومِ شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے اور ان کی جرات مندانہ قیادت، جدوجہد آزادی کشمیر سے غیر متزلزل وابستگی اور پاکستان سے والہانہ محبت کو سراہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی یکم ستمبر 2021کو سرینگر کے علاقے حیدرپورہ میں اپنی رہائش گاہ پر وفات پا گئے تھے، جہاں بھارتی حکام نے انہیں ایک دہائی سے زائد عرصے تک مسلسل گھر میں نظر بند کررکھاتھا۔ مقبوضہ کشمیر کے پاکستان سے الحاق کے لیے ان کی زندگی بھر کی جدوجہد ان کی سیاسی زندگی کا نمایاں پہلو رہی، جبکہ ان کا مشہور نعرہ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے”آج بھی ان کے سیاسی نظریے اور پاکستان سے وابستگی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق اور امنگوں کے تحفظ، ان کے سیاسی مستقبل کے تعین اور پاکستان سے الحاق کے مقصد کے حصول کے لیے وقف کررکھی تھی۔انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات اور ریاستی جبر کے باوجود سید علی گیلانی کی بے لوث اور بے مثال جدوجہد نے کشمیری عوام کے دلوں اور ذہنوں میں مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی زندگی جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی، جابرانہ اور وحشیانہ قبضے کے خلاف مزاحمت کی ایک قابلِ فخر علامت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سید علی گیلانی کی پاکستان سے گہری اور والہانہ محبت، جس کا اظہار ان کے مشہور نعرے ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے”سے ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو عالمی برادری کے سامنے ایک موثر اورتوانا آواز کے طور پر زندہ رکھا۔وزیراعظم شہباز شریف نے سید علی گیلانی کو ایک مقبول اور باوقار کشمیری رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیری عوام کی مزاحمت، عزم، بہادری اور ثابت قدمی کی ایک لازوال علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے لیے سید علی گیلانی کی طویل جدوجہد اور ان کا سیاسی ورثہ آئندہ نسلوں کو اپنی شناخت اور حقوق کے بارے میں باخبر رہنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ کئی دہائیوں کی سیاسی انتقامی کارروائیوں، قید و بند اور ریاستی جبر کے باوجود کشمیریوں کے حق خودارادیت سے سید علی گیلانی کی غیر متزلزل وابستگی ان کے لازوال ورثے کی بنیاد ہے۔انہوں نے کشمیر کی منصفانہ جدوجہد کے لیے بے مثال قربانیاں دینے والے بے شمار کشمیریوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بھارت کے غیر قانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی سیاسی ،سفارتی اورخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل سے وابستہ ہے، جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ان کے جائز اور منصفانہ حق کے حصول کی حمایت میں تمام متعلقہ عالمی فورمز پر بھرپور آواز بلند کرتا رہے گا۔وزیراعظم نے اللہ تعالی سے سید علی گیلانی کی بلندی درجات کیلئے بھی دعا کی ۔



