سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کوٹلی آزادکشمیر میں ریلی کا اہتمام
مظفرآباد: بابائے حریت سید علی گیلانی کی برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کوٹلی آزادکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیرِ اہتمام ایک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت حریت رہنما قاضی محمد عمران اور محمود اختر قریشی ایڈووکیٹ نے کی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ریلی ڈی سی آفس سے بلدیہ ہال تک نکالی گئی۔شرکاءنے سید علی گیلانی کی جدوجہد اور تحریکِ آزادیِ جموں و کشمیر کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔مقررین نے قائد تحریک کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی ایک شخص نہیں بلکہ ایک تحریک کا نام ہے، انہوں نے اپنی پوری زندگی مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی کے لئے جدوجہد میں گزاری اور آخری دم تک بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف اپنی آواز دنیا تک پہنچاتے رہے۔مقررین نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی زندگی ریاست جموں کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کے لیے وقف کردی تھی۔ ان کی استقامت، قربانی اور اصولی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔مقررین نے کہا کہ آج ہم اپنے عظیم قائد سید علی گیلانی شہید کو ان کی برسی کے موقع پر بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم بھارت سے آزادی تک اپنے عظیم قائد کے مشن کو جاری رکھیں گے ۔ مقررین میں حریت رہنما قاضی محمد عمران، محمود اختر قریشی ایڈووکیٹ، صدر بار ایسوسی ایشن کوٹلی حق بٹ،سابق صدر آفتاب انجم ، ایڈووکیٹ لیاقت مغل، ایڈووکیٹ اظہر علی شاہ، تحصیلدار کوٹلی چوہدری محمد ایوب، اے سی کوٹلی قیصر اسلم، قاری مطلوب رضا ، قاری مشتاق، سردار پرویز، سردار محمود، راجہ شفیق محمد، حاجی عدنان، سردار بشارت اور دیگر شامل تھے۔



