19جولائی کویومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر گلگت میں ریلی نکالی جائے گی: حریت کانفرنس
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کا ایک وفد کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں گلگت بلتستان کے دورے پر روانہ ہو گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وفد میں جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد، سید اعجاز رحمانی، راجہ خادم حسین، زاہد صفی، شیخ عبدالماجد اور زاہد اشرف شامل ہیں۔دورے کا مقصد 19 جولائی کو گلگت میں یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر منعقد ہونے والی عظیم الشان ریلی کی تیاریوں کا جائزہ لینا، مختلف سیاسی، سماجی اورمذہبی تنظیموں کے رہنماﺅںسے ملاقاتیں کرنا اور انہیں ریلی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دینا ہے۔ یومِ الحاقِ پاکستان ہر سال 19 جولائی کومنایاجاتا ہے، 1947ءمیں اسی دن سرینگر میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کا تاریخی اجلاس منعقدہوا تھا جس میں ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی گئی تھی۔ کشمیری عوام اس دن کو اپنی تاریخی، سیاسی اور نظریاتی وابستگی کی علامت کے طور پر مناتے ہیں اور تحریکِ آزادی کشمیر کے شہداءکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے حقِ خودارادیت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ وفدگلگت بلتستان کی مختلف سیاسی جماعتوں، دینی و سماجی شخصیات، وکلاء، طلباءتنظیموں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور ذرائع ابلاغ کے ذمہ داران سے ملاقاتیں کرے گا۔ ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر کی تازہ صورتحال، بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔حریت قیادت کا کہنا ہے کہ 19 جولائی کی ریلی کشمیری عوام کی پاکستان سے تاریخی وابستگی کا تجدیدِ عہد اور شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا اہم موقع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال اور کشمیری عوام کے جائز حقِ خودارادیت کی جانب مبذول کرائی جائے گی۔حریت قیادت نے گلگت بلتستان کے عوام، سیاسی و مذہبی جماعتوں، وکلائ، طلبائ، انسانی حقوق کی تنظیموں، سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ وہ 19 جولائی کی عظیم الشان ریلی میں بھرپور شرکت کرکے حقِ خودارادیت اور آزادی کے لئے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کریں۔






