یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر اسلام آباد سے مظفرآباد تک کشمیر کارواں ریلی کا انعقاد
اسلام آباد : یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر اسلام آباد سے مظفرآباد تک کشمیر کارواں کار ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی، دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنا اور پاکستان اورمقبوضہ جموں و کشمیر کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریلی کا اہتمام ورلڈ کشمیر فورم نے کیاتھا جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکا ءنے بھارتی قبضے سے آزادی کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت اور پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔شرکا ءنے اسلام آباد میں یادگار فتح سے اپنا سفر شروع کیا اور پاکستان و آزاد جموں و کشمیر کے قومی پرچم لہراتے ہوئے مظفرآباد کی جانب روانہ ہوئے۔انہوں نے یادگارشہدا کا دورہ بھی کیا اور شہدائے ستمبر سمیت کشمیر کاز کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی پروگرام منعقد کیے۔اس موقع پر ورلڈ کشمیر فورم کے سیکریٹری فنانس رفیق سلیمان نے کہا کہ ریلی نے کشمیر کو بھارتی قبضے سے آزاد کرانے اور پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ریلی میں شریک ایک شخص نے ملک کی عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قوم کا سر بلند رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ایک اورشخص نے کہا کہ ریلی 6 ستمبر کے شہدا اور آزادی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیر یوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔




