بھارت

تنازعہ کشمیر گرفتاریاں اور برطرفیوں سے حل نہیں ہوگا، مذاکرات اور راستے کھولنا ہوں گے: محبوبہ مفتی

سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ کشمیر کا تنازعہ عوام کو یو اے پی اے اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے قوانین کے تحت گرفتار کرنے یا سرکاری ملازمین کو برطرف کرنے سے حل نہیں ہوگا۔

محبوبہ مفتی نے سرینگر میں کارکنوں کے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے مذاکرات کا آغاز اور خطے میں آمدورفت کے راستے کھولنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے دورِ حکومت میں آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ تجارت کے لیے دو راستے کھولے گئے تھے، تاہم آج وہ بند ہیں۔ محبوبہ مفتی نے سوال اٹھایا کہ اگر اتراکھنڈ میں چین کے ساتھ تجارتی راستے کھولے جا سکتے ہیں تو کشمیری عوام کو چین کے شہروں کاشغر اور خوتان تک سفر کی اجازت کیوں نہیں دی جا سکتی؟

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیر میں امن قائم کرنے کے لیے مختلف تجربات کیے ہیں، لیکن طاقت کے استعمال اور جابرانہ پالیسیوں سے پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔

پی ڈی پی صدر نے خبردار کیا کہ کشمیر میں پائی جانے والی خاموشی زیادہ دیر برقرار نہیں رہے گی اور عوامی بے چینی کسی بھی وقت بڑے بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ انہوں نے نئی دہلی پر زور دیا کہ وہ حالات کی سنگینی کا ادراک کرے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔

محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ دہلی میں اس سال مظاہرین کو بھی ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑا جن سے کشمیری عوام گزشتہ کئی برسوں سے گزر رہے ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button