مقبوضہ کشمیر : میر واعظ کا نوجوانوں میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر اظہار تشویش
سرینگر : کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نوجوانوں کی ذہنی اور جذباتی صحت پر بڑھتے ہوئے دبائو اور خودکشیوں کے واقعات میں اضافے پرسخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ نے سرینگر میں اسلامیہ ہائر سیکنڈری اسکول راجوری کدل میں سیرتِ النبی ۖ اور آج کے نوجوانوں کو درپیش چیلنجز کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا، ڈیجیٹل مصروفیات، مادیت پرستی، فوری کامیابی کی خواہش اور مقصد زندگی کے حوالے سے غیر یقینیت سمیت متعدد دبائو کا سامنا ہے ۔انہوں نے نوجوانوں کو خبردار کیا کہ وہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز، آن لائن رجحانات اوردیگرکو اپنی شناخت، ترجیحات اور کامیابی کے معیار پر حاوی نہ ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ زندگی کی کامیابی کو صرف مادی ترقی سے نہیں پرکھا جا سکتا، نوجوان کردار سازی، علم، بامقصد تعلقات، خدمت خلق اور معاشرے میں مثبت کردار کو اپنی ترجیحات بنائیں۔نوجوانوں میں خودکشیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ امتحان میں ناکامی، بے روزگاری، مالی مشکلات یا کسی عارضی ناکامی کو زندگی کی قدر ختم ہونے کی وجہ نہیں بننا چاہیے۔انہوں نے ذہنی اور جذباتی مسائل کو ہمدردی اور سمجھ بوجھ سے حل کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندان، تعلیمی ادارے، مذہبی مراکز اور معاشرہ ایسا ماحول فراہم کریں جہاں نوجوان بے چینی، تنہائی اور مایوسی کے بارے میں کھل کر بات کر سکیں اور ضرورت پڑنے پر مشاورت یا طبی و پیشہ ورانہ مدد حاصل کر سکیں۔میرواعظ نے سیرتِ نبوی ۖ کو نوجوانوں کے لیے صبر، ثابت قدمی، خود نظم و ضبط، مقصدیت اور امید کا اہم ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کا ذمہ دارانہ استعمال کریں، اس کے محتاج نہ بنیں اور اپنی اقدار سے مضبوط تعلق برقرار رکھیں۔سیمینار کا اہتمام انجمن نصرت الاسلام نے کیاتھا، جس میں مختلف نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ نے شرکت کی اور نوجوان نسل کو درپیش مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر میرواعظ عمر فاروق نے انجمن نصرت الاسلام کے خصوصی سیرت ایڈیشن کی رونمائی بھی کی۔








