کپواڑہ: آتشزدگی سے21 دکانیں جل کر خاکستر
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے علاقے لولاب میں آگ لگنے سے کم از کم 21 دکانیں جلا کر خاکستر ہو گئیں۔
آگ نے تین تجارتی عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے دکانیں، سامان اور دیگر جائیداد تباہ ہو گئی اور تاجروں کو بھاری نقصان ہواہے۔آتشزدگی سے متاثرہ پہلی عمارت میں 16 کمرے تھے، جن میں گراؤنڈ فلور پر آٹھ دکانیں، ایک زرعی لیبارٹری اور دو ہوٹل شامل تھے۔ پانچ دیگر کمرے گروسری دکانوں کے طور پر استعمال ہو رہے تھے۔دوسری عمارت میں ایک واحد منزلہ گروسری کی دکان تھی، جبکہ تیسری عمارت میں بھی متعدددکانیں تھیں۔ آگ میں کل 21 دکانیں اور ایک موٹرسائیکل تباہ ہوئی۔ آگ نے تجارتی سامان کو جلا کر راکھ کر دیا، جس سے تاجروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
لال پورہ کے تحصیلدار ڈاکٹر مسرور گیاس نے میڈیا کو بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ اور نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔







