مقبوضہ جموں و کشمیر

سیرتِ رسول ۖ زندگی کے ہر شعبے کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہے، میر واعظ عمر فاروق

سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے تاریخی جامع مسجد سرینگر میں منعقدہ عظیم الشان سیرت مقابلے میں بچوں کی غیر معمولی شرکت پر مسرت کا اظہار کیا، جس میں مختلف اضلاع کے مکاتب سے تعلق رکھنے والے تقریبا 2800 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے پروگرام کے موقع پر ذرائع ابلا غ کے نمائندوں سے سے گفتگو کرتے کہا کہ جامع مسجد کو کمسن بچوں سے بھرا ہوا اور انہیں رسول اکرم ۖ کی مبارک زندگی اور تعلیمات سیکھنے کے لیے پرجوش دیکھنا ایک نہایت خوبصورت اور دل کو خوش کرنے والا منظر تھا۔انہوں نے مکتب مسیح الامت کی جانب سے میرواعظ فاونڈیشن کے اشتراک سے منعقد کیے گئے اس پروگرام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات نئی نسل کو پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ۖ کے آفاقی اور لازوال پیغامِ حیات سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جس میں ایمان، رحمت و شفقت، حسنِ اخلاق اور انسانیت کی خدمت کا درس مضمر ہے۔
میرواعظ نے کہا کہایک ایسے وقت میں جب ہمارے بچے اور نوجوان مختلف سماجی، جذباتی اور اخلاقی چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، یہ امر نہایت اہم ہے کہ ان کا تعلق سیرتِ نبوی ۖ سے مضبوط رہے، کیونکہ سیرتِ رسول ۖ زندگی کے ہر شعبے کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام میں بچوں کی فلاح و بہبود کو مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔ہمارے بچوں کو صرف تعلیم حاصل کرنے کے لیے ہی وقت درکار نہیں، بلکہ انہیں آرام کرنے، اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے، کھیلنے اور ایک صحت مند اور متوازن ماحول میں نشوونما پانے کے لیے بھی وقت چاہیے۔ بچوں کی ذہنی صحت اور مجموعی فلاح و بہبود کو تعلیمی نظام کے مرکز میں رکھا جانا چاہیے۔
میرواعظ نے سیرت مقابلے میں حصہ لینے والے تمام بچوں، ان کے اساتذہ، والدین اور منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اس طرح کی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں اور نئی نسل میں علم، حسنِ کردار اور اسلامی تعلیمات کی گہری سمجھ پیدا کرنے کا ذریعہ بنتی رہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button