بھارت کشمیر میں ایک ہاری ہوئی لڑائی لڑرہا ہے۔ حریت کانفرنس
مسئلہ کشمیر کو فوجی طاقت سے نہیں ، سیاسی طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے، ترجمان

سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیرخالصتاً ایک سیاسی تنازعہ ہے جسے فوجی طاقت سے نہیں بلکہ سیاسی طریقے سے ایک بامعنی مذاکراتی عمل کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ن ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ بھارت گزشتہ 78برس سے جموں وکشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض ہے اور وہ کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو طاقت کے وحشیانہ استعمال سے دبانے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کی جارحانہ پالیسی ، ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل کی وجہ سے نہ صرف کشمیری گونا گوں مسائل کا شکار ہیں بلکہ اس پورے خطے کا امن داﺅ پر لگاہوا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکی وجہ سے ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان کئی جنگیں ہو چکی ہے اور دنوں کے درمیان تعلقات مسلسل کشیدہ چلے آرہے ہیں ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کشمیرکو طاقت کے بل پر ساتھ رکھنے کی اپنی پالیسی میں قطعی طور پر ناکام ہو چکا ہے اور وہ مقبوضہ علاقے میں ایک ہاری ہوئی لڑائی لڑرہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کی وحشیانہ کارروائیوں اور تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری اسکے غیر قانونی تسلط سے آزادی کے اپنے موقف پر مضبوطی سے کھڑے ہیں اور وہ شہداءکے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ہی مضمر ہے لہذا بھارت کے چاہیے کہ وہ طاقت کے استعمال کی پالیسی ترک کر کے اس مسئلہ کے پرامن حل کی طرف آئے۔
حریت کانفرنس کے ترجما ن نے اقوام متحدہ پر بھی زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیرکے حل کے حوالے سے بھارتی ہٹ دھرمی کا نوٹس لے اور اسے اپنی پاس کردہ قراردادوںکے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔






