مہاجرپنڈتوں کی املاک سے متعلق دھوکہ دہی کے کئی کیسز میں مفرور کشمیری پنڈت جموں میں گرفتار
جموں;غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے طویل عرصے سے مفرور ملزم کشمیری پنڈت سوم ناتھ کول اور دیگر افراد کو مہاجر پنڈتوں کی املاک سے متعلق دھوکہ دہی، جعلسازی اور زمین کے جعلی لین دین کے متعدد مقدمات میں گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیرکی کرائم برانچ نے دھوکہ دہی، جعلسازی اور مہاجرپنڈتوں کی املاک سے متعلق فراڈ کے متعدد مقدمات میں سوم ناتھ کول عرف برج ناتھ بھٹ اور دیگر ملزمان کو گرفتار کیا۔ای او ڈبلیو نے ملزم سوم ناتھ کول ولد کیلاش ناتھ کول کو، جو اس وقت جموں کے جانی پور علاقے میں مقیم ہے، سرینگر کے سب جج کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے گرفتار کیا۔
کرائم برانچ کے مطابق ملزم کے خلاف پانچ مقدمات درج ہیں اور اس نے زمین کے سودوں میں متعدد شناختیں اور جعلی دستاویزات استعمال کیں۔ ایجنسی نے کہا کہ تحقیقات کے دوران کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیاں بھی سامنے آئی ہیں، جبکہ اسی کیس میں ایک اور ملزم کو گزشتہ ہفتے گرفتار کیا گیا تھا۔اس کے خلاف مہاجرین کی املاک سے متعلق جعلی مختار ناموں اور فروخت کے معاہدوں کے ذریعے دھوکہ دہی، جعلسازی اور زمین سے متعلق فراڈ کے کل پانچ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے مختلف شناختوں جن میں سوم ناتھ کول، برج ناتھ بھٹ، موہن لال دھر اور ہادی ناتھ دھر شامل ہیں، کے ناموں سے خود کو ظاہر کرتے ہوئے لوگوں کو زمین خریدنے پر آمادہ کیا۔مزید تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ دیگر ملزمان کے ساتھ ملی بھگت سے کروڑوں روپے کا فراڈ کیا گیا۔








