نئی دلی:مسجد کو خالی کرنے کے نوٹس پر تنازعہ؛ جمعیت علماء دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کرے گی
نئی دلی: وزیراعظم نریندر مودی کی سرکاری رہائش گاہ7 لوک کلیان مارگ کے قریب واقع تاریخی ‘ریس کورس مسجد’ کو خالی کرنے کے نوٹس پر تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی، عام آدمی پارٹی کے رہنما امانت اللہ خان اوربھارت کے غیر قانونی جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے مسجد کو خالی کرنے کے نوٹس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، ‘جمعیت علما ہند’ نے کہا ہے کہ وہ اس نوٹس کو دہلی ہائی کورٹ میں چیلنج کرے گی۔ شدید ردعمل ، بیانات نے اس تنازعے کو ایک سیاسی اور قانونی بحث میں تبدیل کر دیا ہے، جس میں مسجد کی حیثیت، دہلی وقف بورڈ کا کردار اور ثقافتی ورثے کے طور پر تسلیم شدہ مذہبی املاک کے تحفظ جیسے معاملات شامل ہیں۔
اسد الدین اویسی نے بھارتی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو سے "فوری مداخلت” کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب یہ مسجد 1977 سے سرکاری طور پر تسلیم شدہ وقف جائیداد ہے، تو پھر دہلی وقف بورڈ نے اس حکم کو چیلنج کیوں نہیں کیا؟انہوں نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ 2023 سے دہلی وقف بورڈ باقاعدہ طور پر تشکیل نہیں دیا گیا ہے، حالانکہ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)اس معاملے میں مداخلت کر سکتے تھے۔ اویسی نے مزید کہا کہ ترمیم شدہ وقف قانون کے تحت، ‘استعمال کی بنیاد پر وقف کے تصور کے تحت یہ مسجد تحفظ کی حقدار ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ اس کے تحفظ کے لیے اب تک کوئی قدم کیوں نہیں اٹھایا گیا؟یہ مسجد، جو آزادی سے پہلے کی تعمیر شدہ ہے، دہلی میونسپل کونسلکی جانب سے جاری کردہ ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل ہے۔
جمعیت علما ہند کا کہنا ہے کہ وہ مسجد کو خالی کرنے کے نوٹس کے خلاف دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کرے گی ۔
میرواعظ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک بیان میں کہا کہ یہ امر انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے کہ دہلی کی تاریخی ریس کورس مسجدکوجو 1977 سے گزٹ میں درج اوقاف کی جائیداد ہے اور ایک تسلیم شدہ تاریخی ورثہ بھی ہے، چھ دن کے اندر خالی کرنے کا نوٹس جاری کیاگیا ہے۔ اس سے بھی زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ اوقاف حکام اس مسجد کے دفاع اور تحفظ میں ناکام رہے ہیں۔ کیا مسلم عبادت گاہوں کے ساتھ اب یہی نیا معمول بنتا جا رہا ہے؟انہوںنے کہاکہ یہی وہ وجوہات ہیں جن کی بنا پر ہم نے اوقاف قانون میں ترامیم اور مسلم مذہبی اوقاف کے انتظام میں نامزد نمائندوں کے ذریعے حکومت کے بڑھتے ہوئے کنٹرول کی سخت مخالفت کی تھی۔ اگر قانونی طور پر تسلیم شدہ ایک مسجد کا بھی تحفظ نہیں کیا جا سکتا تو پھر دیگر مساجد اور مذہبی املاک کے تحفظ کی کیا ضمانت دی جاسکتی ہے؟میر واعظ کہا کہ اس تازہ اقدام سے اوقاف قانون میں کی گئی ترامیم کے حوالے سے بار بار اٹھائے جانے والے ہمارے خدشات درست ثابت ہورہے ہیں جو بالخصوص مسلم مذہبی اداروں کی خودمختاری، اوقاف حکام کی جواب دہی اور مذہبی املاک کو من مانے اقدامات اور غیر ضروری مداخلت سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے اٹھائے گئے تھے
دریں اثنا، مسجد کے نمائندوں اور مسلم تنظیموں نے اس بات کا حوالہ دیا ہے کہ یہ جگہ وقف کی حیثیت رکھتی ہے اور اسے نئی دہلی میونسپل کونسل (NDMC) کے ہیریٹیج رجسٹر (ورثہ کی فہرست) میں بھی شامل کیا گیا ہے۔






