یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر نیویارک شہر کے اہم علاقوں میں ڈیجیٹل تشہیری ٹرک چلائے گئے
نیویارک: 27اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیریوں کے حق خودارادیت اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑی ہوئی صورتحال کو اجاگر کرنے کے لئے ٹائمز اسکوائر اور اقوام متحدہ کے صدر دفتر سمیت نیویارک شہر کے اہم علاقوں میں ڈیجیٹل تشہیری ٹرک چلائے گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس مہم کا اہتمام واشنگٹن میں قائم ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم (ڈبلیو کے اے ایف )نے کیا۔ اس کا مقصد دیرینہ تنازعہ کشمیر کی جانب عالمی توجہ مبذول کرانا تھا۔ مہم میں بھارت، پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کو شامل کرکے تنازعہ کشمیرکے پرامن، منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے نئی کوششوں پر زور دیا گیا۔ٹرکوں پر نصب الیکٹرانک اسکرینوں پر متعدد پیغامات دکھائے گئے ۔ان میں” نہ الیکشن، نہ سلیکشن، صرف اقوام متحدہ کی قراردادیں حل ہیں”، ”بھارت! کشمیر میں زمینوں پر قبضے بند کرو”،” کشمیری حق خودارادیت کا مطالبہ کرتے ہیں”، ”کشمیری بھارتی قبضہ مسترد کرتے ہیں، صرف اقوام متحدہ کی قراردادیں حل ہیں”،” بھارتی فوج کشمیر سے نکل جائے” اور” بھارت! سیاسی قیدیوں کو غیر مشروط طور پر رہا کرو” جیسے پیغامات شامل تھے۔
ان پیغامات میںعالمی برادری سے تنازعہ کشمیرکے حل کے لیے سفارتی کوششیں دوبارہ تیز کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ان کوششوں میں کشمیری عوام کی امنگوں اور حقوق کو ملحوظ رکھنے پر زور دیا گیا۔یہ تشہیری گاڑیاں نیویارک کے معروف مقامات اور سفارتی مراکز سے گزریں۔ ان میں ٹائمز اسکوائر، اقوام متحدہ کا صدر دفتر، راک فیلر سینٹر، فریڈم ٹاور، ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ اور اقوام متحدہ کے مختلف مشنز شامل تھے۔
ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم کے صدر اور فلم سیفرون کنگڈم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ڈاکٹر غلام نبی میر نے کہا کہ کشمیری 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی روز 1947 میں بھارتی فوج جموں و کشمیر میں داخل ہوئی تھی۔ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ ڈبلیو کے اے ایف مذاکرات، عالمی رابطوں اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کا مطالبہ کرتا ہے۔
اس موقع پر کشمیری نژاد امریکی دانشور ڈاکٹر امتیاز خان، مہم کے منتظم اورکشمیر مشن کے سینئر وائس چیئرمین سردار تاج خان ، انسانی حقوق کے کارکن سید حسن رضا، مسلم لیگ نون کے رہنما راجہ رزاق اوردیگر نے کہا کہ حالیہ برسوں کے واقعات نے کشمیر کی سیاسی شناخت، زمین کے حقوق اور مستقبل میں آبادیاتی تبدیلیوں سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اعتماد سازی کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرے، کشیدگی کم کرائے، کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے اور تنازعہ کشمیر کے پرامن و پائیدار حل کے لیے مذاکرات کی حمایت کرے۔








