یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر پیرس، لندن اور کینیڈا میں پاکستانی سفارت خانوں میں خصوصی تقریبات
مقررین کا مظلوم کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور تنازعہ کشمیر کے فوری حل پر زور
اسلام آباد: فرانس، برطانیہ اور کینیڈا میں پاکستانی سفارت خانوں اور سفارتی مشنز میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جن کا مقصد بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی تاریخ اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام جموں و کشمیر کے تنازعے کے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پُرامن حل سے مشروط ہے۔
سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اور اس کے بعد جاری سنگین مظالم نے صورتِ حال کو مزید خراب کر دیا ہے، جبکہ کشمیری عوام بھارت کی پالیسیوں سے مزید دور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جائز جدوجہد اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
ادھر پاکستان ہائی کمیشن لندن میں بھی یومِ سیاہ جموں و کشمیر کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ لارڈ قربان حسین، لارڈ شفاق محمد، بیرونس نوشینہ مبارک، عدنان حسین، افضل خان اور ایوب خان کے علاوہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں، سول سوسائٹی کے کارکنوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے مسلط کردہ خوف و دہشت اور جبر کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام طویل عرصے سے سخت فوجی محاصرے کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں تشدد، جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین اور بنیادی اخلاقی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں اور علاقائی ہی نہیں بلکہ عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی پر بھارت کو جواب دہ ٹھہرائے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ اور کشمیری کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے ہائی کمیشن کے عزم کا اعادہ کیا۔ برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
دریں اثنا، کینیڈا میں پاکستان کے سفارتی مشنز نے بھی یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے تقریبات کا اہتمام کیا۔ اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمیشن اور ٹورنٹو، مونٹریال اور وینکوور میں قونصل خانوں نے یومِ سیاہ کشمیر کے سلسلے میں تقریبات منعقد کیں۔
اوٹاوا میں ہائی کمیشن میں ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی اور تصویری نمائش منعقد کی گئی، جس میں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کی عکاسی کی گئی تھی۔ تقریب کے مقررین نے تنازعہ کشمیر کے حل پر زور دیا اور کشمیری عوام کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا۔
کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے اپنے خطاب میں عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھائیں اور تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کی کوششوں کی حمایت کریں۔ ٹورنٹو، مونٹریال اور وینکوور میں پاکستانی قونصل خانوں میں بھی یومِ سیاہ کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔







