اقوام متحدہ :پاکستان نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا بھارتی اقدام مسترد کر دیا
اقوام متحدہ: پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر التوا میں رکھنے اور پاکستان کا پانی روکنے کی دھمکیوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مشترکہ قدرتی وسائل کو بطور دبا ئویا ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے لائبیریا کی جانب سے ”قدرتی وسائل اور تنازعات: روک تھام اور امن کے لیے تعاون کا فروغ ”کے موضوع پر بلائے گئے سلامتی کونسل کے آریا فارمولا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ مشترکہ قدرتی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے سے 24کروڑسے زائد افراد کے روزگار کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے اور اس سے خطے کا امن و استحکام کمزور ہو رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ مستقل ثالثی عدالت نے 31اگست 2026کے اپنے فیصلے میں اس بات کی توثیق کی ہے کہ سندھ طاس معاہدہ مکمل طور پر نافذ العمل ہے اور بھارت بدستور اپنی ذمہ داریوں کا پابند ہے۔
دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ کسی بھی ریاست کو یہ اجازت نہیں ہونی چاہیے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور لازمی معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مشترکہ قدرتی وسائل کو جبر یا سیاسی دبا ئوکے آلے کے طور پر استعمال کرے۔سلامتی کونسل کی قرارداد 2788 کا حوالہ دیتے ہوئے عثمان جدون نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 33کے تحت تنازعات کے پرامن تصفیے کی اہمیت کو اجاگر کیا، خاص طور پر سرحد پار مشترکہ وسائل بشمول پانی کے انتظام کے حوالے سے۔
اجلاس کے دوران بھارتی نمائندے کے ریمارکس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاکستانی فرسٹ سیکرٹری انصار شاہ نے کہا کہ ہم بھارت کی جانب سے حقائق سے توجہ ہٹانے اور انکار کی روایتی روش، نیز بے بنیاد الزامات اور محض بیان بازی کے ذریعے معاملے کو الجھانے کی کوششوں کا بھرپور جواب دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت بار بار یہ موقف اختیار کرتا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ 1960 میں طے پایا تھا اور دنیا بدل چکی ہے، لیکن اقوام متحدہ کا منشور تو اس سے بھی پرانا ہے جسے نافذ ہوئے 81برس گزر چکے ہیں۔ انصار شاہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 9لاکھ بھارتی فوج کی تعیناتی اور 1989 سے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے بین الاقوامی قانون کے تحت تسلیم شدہ بنیادی حقوق مسلسل سلب کر رہا ہے۔






