سردارایازصادق کا کشمیر اور فلسطین سمیت دیرینہ عالمی تنازعات کے پرامن حل پرزور
جنیوا:
قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے جموں و کشمیر اور فلسطین سمیت دیرینہ عالمی تنازعات کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق پر امن حل پر زوردیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سردار ایاز صاسدق نے جنیوا میں پارلیمنٹ کے سپیکرز کی چھٹی عالمی کانفرنس کے مرکزی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دیرینہ تنازعات کے پر امن حل کو صرف قانونی ذمہ داری کے طور پر نہیں بلکہ ایک تذویراتی ضرورت کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ عالمی امن اور انصاف کے تحفظ کے لیے انسانی اصولوں کی سیاست اور بین الاقوامی معاملات میں دوہرے معیار کے اطلاق کو ختم کیا جانا چاہیے۔سردار ایاز صادق نے کہاکہ آج دنیا ایک بار پھر ایک نازک دوراہے پر کھڑی ہے اور متعدد باہم طورپرمنسلک بحرانوں کا مقابلہ کر رہی ہے جو بین الاقوامی امن و سلامتی، اقتصادی استحکام، پائیدار ترقی اور کثیرالجہتی نظام کی سالمیت کے لیے خطرہ ہیں۔انہوں نے عالمی مالیاتی نظام کو مزید مساوی اور ترقی پر مبنی بنانے کیلئے فوری اقدامات پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ دیرینہ عالمی تنازعات کے پرامن حل کو نہ صرف ایک قانونی ذمہ داری بلکہ ایک سٹریٹجک ضرورت کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔سپیکر نے پاکستان کی صدارت میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2788کی حالیہ متفقہ منظوری کو سراہا جس میں تنازعات کے پرامن حل کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے نظام بالخصوص سلامتی کونسل کو نئی جہت دینے اور اس میں اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ اسے مزید جمہوری، فعال، شفاف اور اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کے سامنے جواب دہ بنایا جاسکے۔





