بھارت : مغربی بنگال میں بڑھتے ہوئے حملوں سے عیسائیوں کے احساس عدم تحفظ میں اضافہ
کرسمس سے قبل عیسائی کونسل کا گرجا گھروں اور مشنری اسکولوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ
کولکتہ:بی جے پی کے زیر اقتداربھارتی ریاست مغربی بنگال میں عیسائیوں اور ان کے مذہبی اداروں کو نشانہ بنانے کے بڑھتے ہوئے واقعات، دھمکیوں اور مذہبی سرگرمیوں میں مداخلت سے مسیحی برادری کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کرسمس کی آمد سے قبل نیشنل کرسچن کونسل (این سی سی)نے بی جے پی کی زیر قیادت ریاستی حکومت سے عیسائی برادری کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ این سی سی مغربی بنگال نے گزشتہ ساڑھے چھ ماہ کے دوران عیسائی اجتماعات کو نشانہ بنانے اور دھمکانے کے واقعات کے بعد ریاستی وزیر اعلی سوویندو ادھیکاری سے اپیل کی ہے کہ وہ گرجا گھروں، مشنری اسکولوں اور دیگر عیسائی اداروں کو مناسب سکیورٹی فراہم کریں۔
کونسل کے ریاستی جنرل سیکریٹری ریورنڈ ڈاکٹر ارپن رانا نے بی جے پی کے وزیر اعلی کو لکھے گئے خط میں گرجا گھروں اور عیسائی برادری کو نشانہ بنانے کے واقعات پر شدید تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مذہبی سرگرمیوں میں رکاوٹوں کے باعث برادری میں خوف اور عدم تحفظ بڑھ رہا ہے۔
کونسل نے بتایا کہ وہ اس سلسلے میں وزیر اعلی کے دفتر کو پہلے ہی چار یادداشتیں پیش کرچکی ہے۔ یہ یادداشتیں 28مئی، 8 جون، 9 جولائی اور 2 ستمبر 2026 کو پیش کی گئی تھیں۔ ان کے ذریعے حکومتی مداخلت کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ تاہم کونسل نے اب ٹھوس حفاظتی اقدامات کے لیے اپنی اپیل دہرائی ہے۔
مالدہ میں حالیہ واقعات بالخصوص ایک عیسائی مشنری اسکول سے متعلق معاملات کا حوالہ دیتے ہوئے کونسل نے کہا کہ مشنری اداروں اور مذہبی تبدیلیوں سے متعلق عوامی بیانات نے عیسائی برادری کے خدشات مزید بڑھا دیے ہیں۔کونسل نے کرسمس قریب آنے کے پیش نظر وزیر اعلی سے مطالبہ کیا کہ وہ ضلعی مجسٹریٹوں، پولیس سپرنٹنڈنٹوں اور مقامی پولیس حکام کو ضروری ہدایات جاری کریں تاکہ گرجا گھروں، مشنری اسکولوں اور دیگر عیسائی اداروں کو مناسب سکیورٹی فراہم کی جائے اور مذہبی عبادات اور کرسمس کی تقریبات کو خوف، دھمکیوں اور رکاوٹوں کے بغیر پرامن طور پر منعقد کیاجاسکے۔
کونسل نے وزیر اعلی سوویندو ادھیکاری سے ملاقات کے لیے بھی وقت مانگا ہے۔ اس سلسلے میں کونسل کے ریاستی یونٹ کا ایک وفد عیسائی برادری کے تحفظ اور فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرنا چاہتا ہے۔کونسل کی اس اپیل نے بھارت میں مذہبی اقلیتوں کے تحفظ سے متعلق خدشات کو ایک بار پھر اجاگر کیا ہے۔بھارت میں مذہبی اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور اداروں کو نشانہ بنانے اور انہیں ہراساں کرنے کے واقعات اکثر رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔









