بھارت : جنگی مشق کے دوران 2 فوجی اہلکار ٹینک تلے کچلے گئے
نئی دلی: بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع ہسار میں معمول کی جنگی مشق کے دوران ایک ٹینک حادثاتی طور پر دو بھارتی فوجی اہلکاروں پر چڑھ گیا، جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار ہلاک ہو گئے ۔
بھارتی فوجی حکام نے میڈیا کو بتایاہے کہ یہ واقعہ ضلع ہسار کے گائوں بھوجراج میں پیش آیا جب تقریبا 32 ٹینک قطار میں جنگی مشق میں حصہ لے رہے تھے اور چند اہلکار زمین پر مختلف مورچوں پر تعینات تھے۔ ہسار پولیس کے ترجمان کے مطابق ٹینکوں کی نقل و حرکت سے دھول اور گرد کا شدید غبار اٹھنے کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی تھی جس کی وجہ سے ایک ٹینک کا ڈرائیور زمین پر تعینات اہلکاروں کو دیکھ نہ سکااور ٹینک نے دو اہلکاروں کو کچل دیا جو شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسار کے ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت اتر پردیش کے ضلع شاملی کے رہائشی نائیک منیش کمار اور ضلع بدایوں سے تعلق رکھنے والے نائیک انکش کمار کے نام سے ہوئی ہے۔ فوجی اور پولیس حکام نے واقعے کی باضابطہ تحقیقات اور قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔





