بھارت میں پٹرول بحران شدت اختیار کرگیا، گجرات کے پمپس پر پولیس تعینات
نئی دلی: بھارتی ریاست گجرات میں ایندھن کی قلت کے خدشے کے پیش نظرپٹرول پمپس پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ اقدام مشرق وسطیٰ کے بحران اور عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے عوام میں پھیلنے والی بے چینی اور ہجوم کو قابو میں رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی تیل کی ترسیل متاثر ہوئی ہے، جس کا براہ راست اثر بھارت پر بھی پڑ رہا ہے۔ماہرین کے مطابق بھارت اپنی خام تیل کی درآمدات کا 40فیصد سے زائد حصہ اسی اہم بحری راستے کے ذریعے حاصل کرتا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ایندھن کی فراہمی میں ممکنہ رکاوٹ کے خدشے کے باعث شہریوں میں خوف پایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں پٹرول پمپس پر رش بڑھ گیا ہے۔صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔توانائی ماہرین کے مطابق اگر آبنائے ہرمز کی صورتحال برقرار رہی تو نہ صرف بھارت بلکہ دیگر ممالک کو بھی ایندھن کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔





