APHC-AJK

عالمی برادری1990 کی دہائی سے جاری کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے :فاروق رحمانی

روہنگیا نسل کشی سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم

اسلام آباد: کشمیریوں نے عالمی عدالت انصاف کے اس تاریخی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جس میں میانمار کو روہنگیا اقلیت کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی نے عالمی عدالت انصاف کے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو بھی اسی طرح کا انصاف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔یہ مقدمہ گیمبیا نے نومبر 2019 میں اسلامی تعاون تنظیم کی حمایت سے دائر کیا تھا۔
فاروق رحمانی نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کا میانمار کو ریاست رخائن میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار دینا تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ عدالت نے 1948 کے نسل کشی کنونشن کے تحت کسی ریاست کو براہ راست نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔عالمی عدالت انصاف نے میانمار کو ذمہ داروں کے خلاف تحقیقات اور قانونی کارروائی کا پابند بنایا ہے۔ عدالت نے اسے مظالم کی روک تھام اور آئندہ ایسے واقعات نہ ہونے کی ضمانت دینے کا بھی حکم دیا ہے۔میانمار کو متاثرین اور ان کے لواحقین کے لیے معاوضے کی فراہمی کا بھی پابند بنایا گیا ہے۔ اسے روہنگیا مسلمانوں کی محفوظ اور رضاکارانہ واپسی یقینی بنانا ہوگی۔ ان کے خاندانوں کو دوبارہ ملانے کے لیے بھی اقدامات کرنا ہوں گے۔
فاروق رحمانی نے کہا کہ انسانیت اب جنوبی افریقہ بمقابلہ اسرائیل مقدمے میں ایک اور تاریخی فیصلے کی منتظر ہے۔ اس فیصلے کا مقصد غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہے۔انہوں نے 1990 کی دہائی سے جاری کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کے کہنا ہے کہ اس دوران ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔ ان مظالم نے مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے مقاصد اور عزائم واضح ہیں۔ عالمی شہرت یافتہ ماہرین قانون اور انسانی حقوق کے کارکن ان عزائم کو دستاویزی شکل دے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ذرائع ابلاغ کا گلا گھونٹ دیا ہے۔وہ اپنے ظالمانہ قوانین کے ذریعے اختلافی آوازوں کو دبارہاہے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو دفعہ370اور 35 اے ختم کرنے کے بعد یہ پابندیاں مزید سخت کردی گئیں۔انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ 2019 کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں کے مشورے سے عالمی عدالت انصاف کے تازہ فیصلے کی روشنی میں ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا۔ان کے مطابق غیر ریاستی باشندوں کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں ڈومیسائل جاری کرنے کا سلسلہ روکنے کا یہی واحد متبادل ہوسکتا ہے۔فاروق رحمانی نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی طویل مشکلات کو اجاگر کرے اور بھارت کومقبوضہ جموں و کشمیرمیں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے سے روکے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button