نعیم خان کا کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش
سرینگر24مارچ (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نعیم احمد خان نے افسوس ظاہر کیا ہے کہ بھارت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کو فوجی طاقت کے ذریعے کچلنا چاہتا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نعیم احمد خان نے بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ قیدیوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی تسلط سے آزادی کی کشمیریوںکی جدوجہد کوفوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال ، غیر قانونی نظربندیوں اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کمزور نہیں کیاجاسکتا۔نعیم خان نے مزید کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کی اپنی جدوجہد کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کو صرف بامعنی مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔