بھارت:شوہرکے ہاتھوں بیوی اور بیٹے کاقتل ، واٹس ایپ گروپ پر اعتراف جرم
نئی دہلی17اپریل(کے ایم ایس)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک شخص اپنی بیوی اور 15سالہ بیٹے کو قتل کر کے گھر سے فرارہوگیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز دہلی کے ضلع شاہدرہ کی گیتا کالونی میں پیش آیا۔
ملزم نے جرم کے بعد جائے وقوعہ سے فرارہونے سے پہلے اپنے رشتہ داروں کو واٹس ایپ پر اس فعل کی اطلاع دی۔پولیس کا کہناہے کہ انہیں دوہرے قتل کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی تووہ موقع پر پہنچے۔ پولیس نے بتایاکہ ماں کی لاش بستر پر پڑی ہوئی تھی جبکہ بیٹے کی لاش فرش پر پڑی تھی۔ خاتون کی شناخت کنچن اروڑہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ بیٹا 9ویں جماعت میں پڑھتا تھا۔ملزم کی شناخت سچن کے نام سے ہوئی ہے۔قتل کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے بعد ہی پتہ چل سکے گا۔ڈپٹی کمشنر پولیس آر ستھیا سندرم نے بتایاکہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ سچن مالی بحران کا شکار تھا اور شبہ ہے کہ اسی وجہ سے اس نے اپنی بیوی اور بیٹے کو قتل کر دیاہے۔