مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں وکشمیر میں محکمہ موسمیات کی طرف سے بارشوں ،سیلابی صورتحال کی پیشگوئی

سرینگر05جولائی(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں محکمہ موسمیات نے منگل کو علاقے میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں لوگوں کو محتاط رہنے اور ایسے مقامات کے قریب جانے سے گریز کرنے کے لیے کہا گیا ہے جہاں سیلاب کا خطرہ ہو۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدارنے میڈیا کو بتایا کہ منگل کو مقبوضہ جموں وکشمیرکے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اگلے 24سے 36گھنٹے کے دوران مقبوضہ جموں وکشمیرکے کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایاکہ مقامی ندی نالوں وغیرہ میں پہلے ہی بہت زیادہ پانی موجود ہے اور گلیشیئرز کے پگھلنے اور ان ندی نالوں میں بارش کے پانی کے اضافے کی وجہ سے اکثر سیلاب اور مٹی کے تودے گر جاتے ہیں۔انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ محتاط رہیں اور ایسی جگہوں کے قریب جانے سے گریز کریں جہاں سیلاب کا خطرہ ہو۔
دریں اثناء منگل کی صبح ضلع گاندربل کے علاقے کولن گنڈ میں بارش کے باعث مٹی کے تازہ تودے گرنے کے بعدسرینگر-لہہ ہائی وے کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔حکام نے میڈیا کو بتایا کہ مٹی کے تودے گرنے سے شاہراہ مکمل طور پر بند ہو گئی ہے۔دوسری جانب شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں ٹنگڈار چوکیبل روڈ پر منگل کو مٹی کے تودے گرنے کے بعد ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی۔ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ شدید بارش کی وجہ سے ٹنگڈار-چوکیبل سڑک پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے بعد سڑک پر ٹریفک کی نقل و حرکت معطل ہوگئی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button