بیاناتپاکستان

قمرزمان کائرہ کی طر ف سے شہید برہان مظفر وانی کو چھٹی برسی پر شاندار خراج عقیدت

اسلام آباد07 جولائی (کے ایم ایس)
امور کشمیرا ور گلگت بلتستان کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے شہید کشمیری نوجوان رہنما ء برہان مظفر وانی کو ان کی چھٹی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ برہان وانی شہید مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف مزاحمت کی علامت ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قمر زمان کائرہ نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہاکہ برہان وانی مزاحمت کی ایک ایسی علامت ہیں کہ جس نے مقبوضہ کشمیرپر بھارت کے ناجائز قبضے کیخلاف اور حق خود ارادیت کے حصول کیلئے مقبوضہ کشمیرکی پڑھی لکھی نوجوان نسل میں جدوجہد کی ایک نئی روح پھونکی ہے۔انہوں نے کہا کہ برہان مظفر وانی جیسے سینکڑوں اور ہزاروں عظیم شہدا کی لازوال قربانیاں اس امر کی عکاسی کرتی ہیں کہ آج کا کشمیری نوجوان اپنے آبائواجداد سے بھی بڑھ کر ایک جوش وجذبے کے ساتھ اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے پر عزم ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ قابض بھارتی افواج کشمیری عوام میں جذبہ حق خودارادیت کو ختم کرنے کے لیے کشمیریوں بالخصوص کشمیری نوجوانوں کا بے دریغ قتل عام کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ وادی میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب نہتے کشمیری نوجوانوں محاصرے اور گھر گھر تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کی آڑ میں شہیدنہیں کردیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایک طرف کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کررہا ہے اور دوسری جانب تقریبا 40 لاکھ غیر کشمیری ہندوئوں کو مقبوضہ کشمیر کی شہریت فراہم کی گئی ہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرکے مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔مشیر امور کشمیر نے کہاکہ غیور اور بہادر کشمیری بھارت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا کے تمام فورموں پر اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت بالخصوص وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے لیے دنیا کے تمام فورمز پر اپنی آواز اٹھار ہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مضبوط اور مستحکم پاکستان انتہائی ضروری ہے اور قومی سلامتی کے اس مسئلے پر تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کا اتفاق اور ایک مضبوط موقف مسئلہ کشمیر کے حتمی حل کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button