مقبوضہ جموں و کشمیر
مقبوضہ جموں وکشمیر: جموں کے ارنیہ سیکٹر میں بھارتی بی ایس ایف کی شدید فائرنگ
جموں 23 اگست (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے جموں خطے کے ارنیہ سیکٹر میں سرحد پر مبینہ طورپرمشتبہ ڈرون کی نقل وحرکت محسوس کرنے پر مشین گن سے شدید فائرنگ کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بی ایس ایف کے ایک افسر نے ایک بیان میں دعوی ٰکیا کہ آج صبح سرحد کے ارنیہ سیکٹر میں اگلے محاذ پر تعینات فوجیوں نے فضا میں سرخ اور پیلے رنگ کی ٹمٹماتی روشنی دیکھی۔بیان میں دعویٰ کیاگیا ہے کہ فوجیوں نے اڑنے والی اس چیز پر فوری طور پر ایل ایم جی سے فائرنگ کی جس کے فوراً بعد وہ فضا میں بلند ہوتی ہوئی واپس چلے گئی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں اب پولیس کی مدد سے تلاشی لی جارہی ہے۔