راجوری اورکشتواڑ اضلاع میں بے دخلی مہم کے خلاف احتجاجی مظاہرے
جموں 21 جنوری (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کو سرکاری اراضی سے بے دخل کرنے کی قابض انتظامیہ کی مہم کے خلاف راجوری اور کشتواڑ اضلاع میں زبردست احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے مقامی رہنما یشو وردھن سنگھ کی قیادت میں سول سوسائٹی کے سینکروں ارکان اور پارٹی کارکن بس اسٹینڈ کالاکوٹ کے قریب جمع ہوئے اور قابض حکام کے ظالمانہ حکمنامے کے خلاف نعرے لگائے۔ ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ارکان بھی احتجاج میں شامل ہوئے۔کالاکوٹ میں یشو وردھن نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ قابض حکام نے انسداد تجاوزات مہم چلا کر لوگوں کو بے گھر کردیاہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی موجودہ انتظامیہ نے تمام محاذوں پر اپنی حدیں پار کر دی ہیں جس سے لوگوں کے لیے مشکلات پیدا ہو گئی ہیں ۔احتجاج کے دوران ڈی ڈی سی کالاکوٹ انیتا ٹھاکر ، ڈی ڈی سی ڈانگری رامیشور سنگھ، ڈی ڈی سی موگلہ شمیم اختر، ڈی ڈی سی موگلہ سریکھا کوتوال، ڈی ڈی سی ڈانگری تشیم اختر ،ضلع صدر راجوری اشوک شرما، سرپنچوں، پنچوں اور پارٹی کے سینئر رہنمائوںنے انتظامیہ کی طرف سے شروع کی گئی بے دخلی مہم کے خلاف تحصیلدار کو ایک یادداشت پیش کی ۔انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ اس حکم کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنے لوگوں کو مشکلات میں دیکھ کرخاموش تماشائی بن کر نہیں رہ سکتے۔کشتواڑ میں ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے کارکنوں کی قیادت میں سینکڑوں لوگوں نے انتظامیہ سے حکم واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔