علاقائی امن و استحکام کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، سپیکر ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد04فروری(کے ایم ایس)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے تنازعہ کشمیر کا پائیدار حل ناگزیر ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا ۔انہوں نے کہاکہ نہتے کشمیریوں کے خلاف طاقت کا استعمال نہ تو ان کی تحریک آزادی کو متزلزل کر سکتا ہے اور نہ ہی پاکستان کے اصولی موقف کو بدل سکتا ہے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے معصوم کشمیریوں کے خلاف ظلم و بربریت خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی نام نہاد جمہوری حکومت کی جانب سے دفعہ370اور 35-A کی منسوخی نے کشمیری عوام کو ان کی شناخت اور آزادی سے محروم کر دیا ہے جو بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی کے اصولی موقف کی حمایت کرتا ہے اور تمام علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی جدو جہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے پر عزم ہے اور پاکستان کی پارلیمان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ وادی میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کو بین الاقوامی اور علاقائی فورمز پر اجاگر کرنیکے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زوردیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں طاقت کے بے دریغ استعمال کو بند کرانے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔انہوں نے امید ظاہرکی کشمیر ی عوام کی تحریک حق خودارادیت جلد کامیاب ہو گی اور وہ آزاد فضائوں میں زندگی بسر کریں گے۔
ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ وادی میں کشمیری عوام کے تحریک حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور بھارتی مظالم کوہر فورم پراجاگر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف متعدد قراردادیں منظور کی ہیں اور وہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے پر عزم ہے ۔