خصوصی دن

تنازعہ جموں و کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہی ممکن ہے :صدر عارف علوی

arif-alviاسلام آباد5فروری(کے ایم ایس)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آج ہم کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حق ِ خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے اظہار میں یوم ِ یکجہتی کشمیر منا رہے ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہاکہ بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی دہائیوں پرانی مزاحمت میں بے لوث قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ،ہم یہ دن عالمی برادری کی توجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی طرف مبذول کرانے کے لیے مناتے ہیں جن میں یہ کہا گیا تھا کہ جموں و کشمیر کے تنازعے کا حتمی فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق اقوام ِمتحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ گزشتہ 75 سالوں سے بھارتی قابض افواج نے غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں دہشت گردی کا راج مسلط کیا ہوا ہے اور لوگوں کو ڈرانے اور دھمکانے کی لامتناہی مہم شروع کر رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ 9لاکھ سے زیادہ بھارتی مسلح اہلکاروں کی موجودگی نے خطے کو ایک کھلی جیل بنا رکھاہے۔بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قانون ، بشمول اقوام متحدہ کے چارٹر، چوتھے جنیوا کنونشن اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ بھارت آبادیاتی ڈھانچے میں مصنوعی تبدیلیوں، سیاسی انجینئرنگ، مقامی لوگوں کی معاشی پسماندگی اور کشمیری شناخت اور ثقافت پر حملوں کے ذریعے ان غیر قانونی اقدامات کو مزید تقویت دینے کی مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔انہوں نے تشویشناک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت غیر کشمیریوں کو وادی میں آباد کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے۔ بھارت کا ظالمانہ رویہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گرفتایوں ، دورانِ حراست تشدد، جبری گمشدگیوں اور پیلٹ گنز کے استعمال سے ظاہر ہوتا ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت نے میڈیا پر قدغن لگا رکھی ہے اور کشمیری قیادت اور انسانی حقوق کے محافظوں کو قید کر رکھا ہے۔انسانی حقوق کی متعدد تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا نے بھی اس ظلم اور بربریت کو اچھی طرح سے دستاویزی صورت میں اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن پاکستان بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کے مبصرین، بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر تک بلا روک ٹوک رسائی دے تاکہ وہ وہاں کی صورتحال کے بارے میں درست معلومات حاصل کر سکیں،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات اور انہیں رپورٹ کر سکیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری اور تنظیموں پر بھی زور دیتا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کیلئے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسلسل اس بات پر زور دیا ہے کہ تنازعہ جموں و کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہی ممکن ہے۔ پاکستان اس جائز مقصد کیلئے اپنی بلاامتیاز اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button