مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارتی پولیس نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں مزید دو صحافی گرفتارکرلئے

 

 

سرینگر 19 اکتوبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے مزید دو فوٹو جرنلسٹوں کو گرفتارکرلیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے سوپور قصبے کے علاقے انتو حمام میں گھر پر چھاپے کے دوران ایک فوٹو جرنلسٹ جنید شفیق پیر کو گرفتار کیا۔ سوپور میڈیا ایسوسی ایشن کے ترجمان منیب الحق نے بتایا کہ جنید شفیق پیر کو سوپور کے علاقے انتو حمام میں ان کے گھر سے گرفتارکیا گیا۔قابض حکام نے دعویٰ کیا کہ اسے پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیاگیا ہے۔پولیس نے ایک اور فوٹو جرنلسٹ سلیمان ستھ کو گاندربل میں ان کے گھر پر شبانہ چھاپے کے دوران گرفتار کیا۔جنید پیر اردو اخبار” تعمیل ارشاد “میں بطور فوٹو جرنلسٹ کام کرتے ہیں جبکہ سلیمان اردو اخبار ” گڈیال “کے ساتھ بطور فری لانس وابستہ ہیں۔جنید پیر کے بھائی عدنان شفیع پیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نے پیر کی رات تقریباپونے گیارہ بجے ان کے علاقے کامحاصرہ کیااور جنید کو اس کے گھر سے اٹھا کر لے گئے۔عدنان نے کہا کہ ہم نہیں جانتے کہ انہیں کیوں حراست میں لیا گیا ہے۔ ہم نے پولیس حکام سے ان کی گرفتاری کے بارے میں پوچھنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے ابھی تک ہمیں کوئی جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بھائی اس وقت سوپور کے ایس ڈی پی او (سب ڈویڑنل پولیس آفس) ٹاون ہال میں بند ہے اوراہلخانہ نے ابھی تک ان سے ملاقات نہیں کی ہے۔انہوں نے کہاکہ میرے والد سوپور پولیس اسٹیشن میں ہیں اور میں ایس ڈی پی او آفس میں ہوں۔ کل رات سے ہم دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں لیکن کوئی ہمیں اپنے بھائی کی گرفتاری کے بارے میں کچھ نہیں بتا رہا تھا۔ادھر سلیمان کے والد عبدالمجید بٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ اتوار کی شام تقریبا آٹھ بجے پولیس نے ان کے گھر میں گھس کر ان کے بیٹے کو گرفتار کیا۔ انہوں نے کہاکہ میرے بیٹے کو گرفتار ہوئے دو دن ہوچکے ہیں اور مجھے ابھی تک اس کی گرفتاری کی وجہ معلوم نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ سلیمان کی گرفتاری کے فورا ًبعدوہ شادی پورہ پولیس اسٹیشن گئے لیکن وہاں کہا گیا کہ گاندربل پولیس اسٹیشن جائیں۔ میں گاندربل پولیس اسٹیشن گیا لیکن مجھے اپنے بیٹے سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
اس سے قبل پولیس نے رواں ماہ وادی میں پانچ صحافیوں کو طلب کیا یاانہیں حراست میں لیا۔ جن صحافیوں کو پولیس اور مختلف تحقیقاتی ایجنسیوں نے طلب کیا یا حراست میں لیا ان میں فوٹو جرنلسٹ مختار ظہور ، ایڈیٹر سلمان شاہ ، فری لانس صحافی سہیل ڈار ، فری لانس صحافی سجاد گل اور سینئر صحافی ماجد حیدری شامل ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button