خصوصی دنمقبوضہ جموں و کشمیر

کشمیریوں نے آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طورپر منایا

بھارتی یوم آزادی کے موقع پر وادی کشمیر میں مکمل ہڑتال
سرینگر: کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی حیثیت ایک جا رح کی ہے جسے علاقے میں یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ لوگوں نے سیاہ پرچم لہرائے۔ ہڑتال کی وجہ سے وادی کشمیر سنسان نظر آرہاتھا۔
دریں اثناء قابض حکام نے پوری وادی کشمیر کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا تھاکیونکہ تمام اہم مقامات اور چوکوں پرناکے اور رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی تھیں۔ لوگوں کو بھارت مخالف مظاہروں سے روکنے کے لیے ہیلی کاپٹروں اور ڈرونزکے ذریعے نگرانی کے ساتھ ساتھ نام نہاد سکیورٹی کئی حصار قائم کئے گئے تھے۔ سرینگر کے لال چوک اور یوم آزادی کی مرکزی تقریب کے مقام بخشی اسٹیڈیم کے ارد گرد کے علاقوں میںبھارتی پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ ، فوج اور پیراملٹری فورسزکے اہلکار بھاری تعداد میں تعینات کئے گئے تھے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں بشمول دیویندر سنگھ بہل، محمد یاسین عطائی، خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ جب بھارت نے بندوق کی نوک پر کشمیری مسلمانوں کی آزادی چھین لی ہے تو وہ مقبوضہ علاقے میں اپنا دن کیسے منا سکتا ہے؟
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے آج اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف عالمی توجہ مبذول کرانے کے لیے آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا کے بڑے دارالحکومتوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہرین نے سیاہ جھنڈے اٹھا رکھے تھے اوروہ ”گو انڈیا گو بیک”،”ہم کیا چاہتے ، آزادی ”،”اقوام متحدہ جاگ جائو” اور”کشمیر توجہ چاہتا ہے” جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
ادھر نیشنل کانفرنس کے رہنما شیخ مصطفی کمال اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ)کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ، منفرد شناخت اور ثقافت کو مٹا رہی ہے۔
برسلز میں بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے بھارتی سفارت خانے کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کشمیر کونسل یورپ کے زیر اہتمام ہونے والے مظاہرے میں کشمیریوں اور ان کے ہمدردوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا ء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مظلوم کشمیریوں کے حق میں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button