پیپلز فریڈم لیگ کی طرف سے احسن اونتو پربھارتی پولیس کے حملے کی مذمت
سرینگر22اکتوبر ( کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیر میں پیپلز فریڈم لیگ نے انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو پر بھارتی پولیس اور آر ایس ایس کے غنڈوں کے حملے کی شدیدمذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پیپلز لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ محمد احسن اونتو کو میڈیا میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و تشدد کے بارے میں سوال اٹھانے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کے قتل عام ، گرفتاریوں ، دوران حراست گمشدگیوں، ظلم و تشدد ،جعلی مقابلوں اور ملازمین کی جبری برطرفیوں میں خوفناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور بھارت کا بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارہ این آئی چھاپوں اور گرفتاریوں کے ذریعے کشمیریوںکو مسلسل انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنارہا ہے ۔ ترجمان نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور کشمیریوں کو بھارتی ظلم و تشدد سے نجات دلائیں ۔ انہوں نے 22 اکتوبر 1993کے شہدائے بیج بہاڑہ کو بھی شاندارخراج عقیدت پیش کیا۔