مقبوضہ جموں و کشمیر

حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا یوم سیاہ کے موقع پر اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ

اسلام آباد27اکتوبر (کے ایم ایس )یوم سیاہ کے حوالے سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام آج اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی کی زیر قیادت 1947میں آج کے دن جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط ، جب بھارت نے کشمیر میں اپنی فوجیں اتار کر اس پر قبضہ کر لیاتھا کی مذمت کیلئے آج اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں حریت رہنمائوں، سول سوسائٹی کے ارکان، تاجروں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔محمد فاروق رحمانی اور آزاد جموں و کشمیر کے دیگر حریت رہنما ئوں بشمول غلام محمد صفی، سید فیض نقشبندی، سید یوسف نسیم، الطاف حسین وانی، عبدالمجید میر، پرویز احمد شاہ، راجہ خادم حسین، نثار مرزا، عبدالمجید ملک، نذیر احمد کرنائی، عادل مشتاق وانی، سید اعجاز رحمانی، حسن البنا، سید منظور احمد شاہ، اشتیاق حمید، دائود یوسفزئی، مشتاق احمد بٹ، اور دیگر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔ شیخ عبدالمتین اور شہزاد احمد پر مشتمل کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک وفد نے پشاور میں بھارت مخالف مظاہرے کی قیادت کی۔حریت رہنمائوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا کیونکہ تبدیلی کی ہوا کشمیری عوام کے حق میں چلنا شروع ہو گئی ہے۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکا نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم میں اضافے کی بھی مذمت کی۔
دریں اثناء یوم سیاہ کے موقع پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے فرینڈز آف کشمیر کے زیرِ اہتمام ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت حریت رہنما عبدالحمید لون نے کی۔مظاہرے میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت حریت رہنمائوں اور آزاد کشمیر کے ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ مقررین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں کوانکا جائز اور ناقابل تنسیخ حق خودارادیت ملنے تک ان کے ساتھ شانہ بشانہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کشمیری شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ 27اکتوبر کا دن بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف مزاحمت اور لاتعداد قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر بارے اپنی قراردادوں پر عملدر آمد کے لیے اقدامات کرے۔مقررین نے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن وسلامتی کے قیام کے لیے ناگزیر قراردیتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے اور کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے کیلئے بھار ت پر دبائو بڑھائے ۔ مظاہرے میں حریت رہنماء سیدیوسف نسیم ، عبدالحمید لون، نبیلہ ارشاد ایڈوکیٹ،حسن البنا ، خولہ خان ،عابد رزاق ، پرویز ایڈوکیٹ،رفیق ڈار، منظور شاہ، ماجد سدوزئی،مجید میر اور دیگر نے خطاب کیا۔

ڈپٹی کمشنر پونچھ کی زیر قیادت کوٹلی آزاد کشمیر میں بھی ایک ریلی نکالی گئی ۔ جموں وکشمیر پیر پنجال پیس فائونڈیشن کے وائس چیئرمین محمود اختر قریشی سمیت تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ریلی میں شرکت کی ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button