انوارالحق کاکڑ کی اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف بھرپور طریقے سے اجاگرکرنے کی ہدایت
اسلام آباد:نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو بھرپور طریقے سے اجاگرکرنے کی ہدایت کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انوار الحق کاکڑ نےان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔انہوں نے منیر اکرم کو اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو تواتر سے اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔ نگران وزیراعظم نے منیر اکرم کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے موقف کی موثر نمائندگی پر سراہا ۔انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر ملک کی معاشی فلاح و بہبود کے لیے مواقع کی نشاندہی کرنا پاکستان کے تمام سفارتی نمائندوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ منیر اکرم نے وزیراعظم کو اپنے مشن کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور وزیراعظم سے خارجہ پالیسی کے ضمن میں ہدایات لیں۔