بھارت پاکستان میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے: ڈی جی’ آئی ایس پی آر ‘
افغانستان میں کئی ایجنسیوں اور آلہ کاروں نے اپنی جڑیں مضبوط کر رکھی ہیں، میڈیا انٹرویو
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے جبکہ افغان طالبان کی حکومت بھارت کے آلہ کار کے طور پر کام کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عالمی خبر رساں ادارے’رائٹرز ” کو دیے گئے انٹریو میں کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی )اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے )بھی بھارت کے آلہ کار ہیں جو پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغان طالبان اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے کرائے کے جنگجوں کا استعمال کررہے ہیں، موجودہ دور حکومت میں بھی افغانستان کو نان اسٹیٹ ایکٹرز (غیر ریاستی عناصر)ہی چلا رہے ہیں۔افغانستان میں کئی ایجنسیوں اور آلہ کاروں نے اپنی جڑیں مضبوط کر رکھی ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ روسی مداخلت کے بعد سے کئی ایجنسیوں اور آلہ کار گروہوں نے افغانستان میں اپنی جڑیں مضبوط کر لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیش العدل، القاعدہ اور اسلامک اسٹیٹ خراسان صوبہ (آئی ایس کے پی )جیسی دہشت گرد تنظیمیں بھی ملک میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور امریکہ نے بھی افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کی نشاندہی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا افغان طالبان سے مطالبہ ہے کہ وہ پاکستان کے اندر سرگرم دہشت گردوں کی حمایت بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان حکومت نے نور ولی محسود، بشیر زیب اور گل بہادر سمیت دیگر دہشت گردوں کو پناہ فراہم کی ہے،دہشت گرد گروہ افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوتے ہیں اور وہیں سے ہتھیار حاصل کرتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر طالبان حکومت دہشت گردی کے معاملے پر ہماری بات نہیں سنتی، تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر افغان طالبان حکومت کی کوئی ساکھ نہیں ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغان حکومت کو ایک ‘معمول کی ریاست ”(نارمل اسٹیٹ )کی طرح برتائو کرنے پر مجبور کرے۔۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج میں افغان حکومت کی جانب سے درپیش تمام خطرات، بشمول ڈرونز، کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔







