خصوصی دن

کشمیریوں سے جمعہ کو بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منانے کی اپیل

2نئی دلی: کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پرنظربند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 26 جنوری بروز جمعہ کو بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر مناکر دنیا کو یہ واضح پیغام دیں کہ کشمیریوں کو انکا حق خودارایت دینے سے بھارت کا مسلسل انکار جمہوری ملک ہونے کے اسکے دعوئوں کے برعکس ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کہاکہ کشمیری عوام کیلئے ان کے مادر وطن پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ان کیلئے قبول نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قتل عام،ظلم وتشدد اور انسانی حقو ق کی سنگین پامالیوں میں ملوث ہے اور اس نے لاکھوں کشمیریوں کو بندوق کی نوک پر یرغمال بنارکھا ہے لہذا اسے مقبوضہ علاقے میں اپنایوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ شبیر شاہ نے مزید کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارت ایک غاصب ہے جس نے ہمیشہ نہتے کشمیریوں کو ظلم وتشددکا نشانہ بنایا ہے اور وہ گزشتہ 76 سال سے جموںوکشمیر پراپناغیر قانونی فوجی تسلط جاری رکھے ہوئے ہے ۔انہوں نے جاری جدوجہدآزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کااعادہ کیا۔سینئر حریت رہنماء نے مزید کہا کہ کشمیری عوام جنہوں نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں ہر محاذ پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنمائوں پروفیسر عبدالغنی بٹ، بلال احمد صدیقی، غلام محمد خان سوپوری، خواجہ فردوس، سید بشیر اندرابی، محمد شفیع لون، یاسمین راجہ،  حکیم عبدالرشید، غلام نبی وار،مز حفظہ، مولوی مصعب ندوی، محمد عاقب، ایڈووکیٹ مزمل شبیر، عبداصمد انقلابی، سید اعجاز رحمانی، حافظ رفیق احمد اور ایڈوکیٹ ظہور احمد نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے جمعہ کو بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کیلئے مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن وسلامتی کو یقینی بنانے کیلئے تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں مشتاق احمد بٹ، زاہد صفی، زاہد اشرف، جاوید احمد بٹ، شیخ یعقوب، ایڈووکیٹ پرویز احمد، چوہدری شاہین اقبال اور الطاف احمد بٹ نے اسلام آباد میں جاری اپنے بیانات میں کہاکہ بھارت نے مقبوضہ جموںوکشمیر پر گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے اور کشمیریوںکو بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منانے کا مکمل حق حاصل ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوںپر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button