پاکستان

پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا دن” یوم تکبیر” آج منایا جا رہا ہے

1653732329

اسلام آباد : 1998میں آج ہی کے دن کیے گئے کامیاب ایٹمی تجربات کی یاد میں پاکستانی قوم آج 26 واں” یوم تکبیر” قومی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے جس سے ملک کا دفاع ناقابل تسخیربن گیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب 28مئی 1998کو صوبہ بلوچستان کے علاقے چاغی میں ایٹمی دھماکوں سے دیا تھا۔ ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی جبکہ دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا اور اس دن کو پاکستانی قوم یوم تکبیر کے نام سے یاد کرتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پرسرکاری تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یوم تکبیر اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کے لیے سیاسی اور دفاعی قوتوں کے ایک جھنڈے”سبز ہلالی پرچم ”تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اتحاد کی یاد دلاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن پوری قوم نے اس ملک کی سالمیت کے لیے یہ فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دبا ئوقبول کرکے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ ایسے اندرونی دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے جو ملک میں انتشار کی سیاست سے اس ملک کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ 28مئی یوم تکبیر اس وقت کے وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف اور پاک فوج کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے اقدام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، اس دن ہم ذوالفقار علی بھٹو کو پاکستان کا ایٹمی پروگرام شروع کرنے اور اسے جاری و ساری رکھنے میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس دن یہ عہد کرتی ہے کہ 28مئی کو جس طرح ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایاگیا، ویسے ہی ہم شبانہ روز محنت سے اس ملک کی اقتصادی سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button