کراچی :برہان وانی شہیدکی برسی پر ریلی کا انعقاد کیا جائے گا
کراچی:معروف نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کی برسی پر آٹھ جولائی کو کراچی میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ریلی کے انعقاد کے سلسلے میں حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا ایک وفد جنرل سیکرٹری پرویز احمد شاہ کی قیادت میں کراچی پہنچ گیا ہے ۔وفد میں ایڈووکیٹ پرویز احمد کے علاوہ سید اعجاز رحمانی ،راجہ خادم حسین شاہین اور امتیاز احمد وانی شامل ہیں۔
وفد نے اپنے دورے کے دوران گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے جنرل سیکرٹری سندھ سردار عبدالرحیم سے ملاقات میں انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ سردار عبدالرحیم نے وفد کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ گرینڈ ڈیموکریکٹ الائنس اور مسلم لیگ فکنشنل کے رہنما اورکارکن پیر کے روز ہونے والی ریلی میں بھرپور شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو عالمی برادری نے تسلیم کیا ہوا ہے جو بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر دبا رکھا ہے۔ سردار عبدالرحیم نے اس موقع پر حق خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔