APHC-AJK

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے:مقررین سیمینار

 

مظفرآباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ نے 24 اکتوبر یومِ اقوام متحدہ کے موقع پر مظفرآباد میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں مقررین نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ جموں و کشمیر کے حل کے لیے اپنی منظور شدہ قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلانے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیرشاخ کے سیکرٹری جنرل پرویز احمد شاہ ایڈووکیٹ نے کی۔ تقریب سے سابق چیف جسٹس چوہدری ابراہیم ضیا، ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان، حریت رہنماو¿ں شیخ عبدالمتین، مشتاق الاسلام، راجہ خادم حسین، زاہد اشرف، عبدالمجید میر، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر ،عزیر غزالی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ اقوام متحدہ کا قیام دوسری جنگ عظیم کے بعد دنیا میں امن قائم کرنے، جنگوں کی روک تھام، تنازعات کے پرامن حل اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے عمل میں لایا گیا تھا، لیکن مسئلہ کشمیر کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود حل طلب ہے، جو عالمی ادارے کی کارکردگی اور اس کے بنیادی مقاصد کے حوالے سے ایک اہم سوال ہے۔
سابق چیف جسٹس چوہدری ابراہیم ضیاءنے اپنے خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ کے قیام کا بنیادی مقصد دنیا کو جنگوں کی تباہ کاریوں سے محفوظ بنانا، قوموں کے درمیان تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنا اور انسانی حقوق کی ضمانت فراہم کرنا تھا۔ مسئلہ کشمیر بھی ایسا ہی ایک دیرینہ تنازعہ ہے جس کے حل کے لیے عالمی ادارے نے متعدد قراردادیں منظور کیں، تاہم ان پر عمل درآمد نہ ہونا افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور منصفانہ حل کے لیے اقوام متحدہ کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو یقینی بنانا ہوگا۔
وزیر حکومت راجہ ثاقب مجید نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک آزادی کشمیر پاکستانی قوم اور کشمیری عوام کے مشترکہ عزم اور تاریخی وابستگی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کیاتھا اور بعد ازاں آزادی کی جدوجہد میں بے مثال قربانیاں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ 19 جولائی 1947 کی قرارداد سے لے کر آج تک کشمیریوں کی جدوجہد ایک مسلسل تاریخی سفر ہے، جس میں لاکھوں افراد نے قربانیاں دیں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عزیر غزالی نے کہا کہ 24 اکتوبر 1947 کو آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کا قیام عمل میں آیا، جبکہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج مقبوضہ جموں وکشمیر میں داخل ہوئیں۔ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے سیاسی مستقبل کے تعین اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مسئلہ کشمیر کے حوالے سے متعدد قراردادیں منظور کر چکی ہے، جن میں کشمیری عوام کو اپنی مرضی کے مطابق مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینے کا اصول تسلیم کیا گیا، مگر ان قراردادوں پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث یہ تنازعہ آج بھی حل طلب ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر دوبارہ مو¿ثر انداز میں اٹھانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے، جس میں ریاست جموں و کشمیر کے تمام خطوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کو شامل کیا جائے۔
شیخ عبدالمتین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری عوام ایک نظریاتی اور اصولی جدوجہد کر رہے ہیں، جس کا مقصد آزادی اور حقِ خودارادیت کا حصول ہے۔ آزادی کا کوئی متبادل نہیں، تاہم موجودہ حالات میں اتحاد، حکمت اور عملی اقدامات کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے آزاد حکومت کی جانب سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کو اعزاز سے نوازنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزادی کی تحریک میں قربانیاں دینے والے افراد کی خدمات کا اعتراف ایک مثبت اور حوصلہ افزا ءاقدام ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان تمام کشمیری رہنماو¿ں اور کارکنوں کی قربانیوں کو بھی تسلیم کیا جائے جو قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں یا تحریک کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر چکے ہیں۔

 

 

 

 

 

ایڈوکیٹ پرویز شاہ نے اپنے خطاب میں تحریک آزادی کشمیر کو موثر انداز میں آگے بڑھانے، مہاجرین کے مسائل اور ان کے جائز حقوق پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور ان کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو عملی شکل دینا ضروری ہے، جبکہ مہاجرین کے لیے مختص کوٹے سمیت دیگر اہم معاملات کا ازسرنو جائزہ لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قومی تقریبات میں تحریک آزادی کشمیر سے وابستہ شخصیات اور رہنماو¿ں کی خدمات کا اعتراف حوصلہ افزا ہے، تاہم اس کے ساتھ عملی اقدامات بھی کیے جانے چاہیے تاکہ کشمیری عوام کے مسائل حل ہوں اور تحریک کو مزید تقویت ملے۔
شوکت جاوید میر، سید اشتیاق حسین بخاری اور سجاد لطیف سمیت دیگر مقررین نے بھی اپنے خطابات میں مسئلہ کشمیر کی تاریخی اہمیت، کشمیری عوام کی قربانیوں اور اقوام متحدہ کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے 6 نومبر 1947 کے سانحے اور دیگر واقعات کا ذکر کرتے ہوئے شہداءجموں و کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد حکومت اور پاکستانی قوم کی ذمہ داری ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کو اپنی ترجیحات میں برقرار رکھتے ہوئے سفارتی، سیاسی اور عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کریں۔
مقررین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ تحریک آزادی کشمیر کو آگے بڑھانے کے لیے قومی سطح پر اتحاد، نوجوانوں کی شمولیت اور عالمی اداروں تک کشمیری عوام کی آواز پہنچانے کے لیے مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button