میرواعظ کاگاندربل حملے میں سات افرادکی ہلاکت پر اظہار افسوس
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمرفاروق نے کہاہے کہ وہ گاندربل کے علاقے گگنگیر میں ہونے والی ہلاکتوں پر بہت افسردہ ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ضلع کے علاقے سونہ مرگ میں ایک سرنگ کی تعمیر کرنے والی بھارتی تعمیراتی کمپنی کے کارکنوں کے کیمپ پر حملہ کرکے ایک ڈاکٹر سمیت سات افراد کو ہلاک اور پانچ کو زخمی کردیاتھا۔میرواعظ نے اپنے آفیشل ایکس ہینڈل پر لکھا کہ یہ واقعہ تشدد اور غیر یقینی صورتحال کے نہ ختم ہونے والے سلسلے کی ایک اور یاد دہانی ہے جس کا ہم کئی دہائیوں سے شکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ گگنگیر میں ہونے والے بہیمانہ قتل پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ تمام مذاہب کی طرح اسلام بھی ایسے غیر انسانی رویے کی مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہر زندگی قیمتی ہے اور اس طرح سے جانوں کاضائع ہونا انتہائی تکلیف دہ ہے۔
سینئر حریت رہنمائوں پروفیسر عبدالغنی بٹ اورمولانا مسرور عباس انصاری نے بھی گاندربل واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے اسے افسوسناک قراردیاہے۔