کل جماعتی حریت کانفرنس کا کشمیر اور فلسطین میں اقوام متحدہ کی ناکامی پر اظہارافسوس
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکامی پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ عالمی برادری کو دنیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے ان دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری گزشتہ 77 سال سے بھارت کے غیر قانونی قبضے کا شکار ہیں جس کی وجہ سے یہ علاقہ ایک فوجی چھائونی میں تبدیل ہو چکا ہے۔ایڈوکیٹ منہاس نے کہا کہ ہندوتوا بھارت اور صیہونی اسرائیل مسلمانوں کے خلاف دشمنی میں متحد ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت اسرائیل گٹھ جوڑعالمی امن وسلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہے جو مسلسل بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نسل پرستی اور اسلامو فوبیا کو فروغ دے رہے ہیں۔