اقوام متحدہ کے چارٹر کا منصفانہ نفاذ بڑا چیلنج ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے قیام کا 79 واں برس ہمیں اس عالمی ادارے کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے حصول کے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کا منصفانہ طریقے سے نفاذ ایک بڑا چیلنج ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری ایکس پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی حق خود ارادیت کی قراردادوں کے باوجود بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات اب بھی حل طلب ہیں، جب تک اقوام متحدہ کی بنیادی دستاویز کی دفعات کو نظر انداز کیا جائے گا، بحران مزید گہرے ہوتے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے اس دن پر پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اس دنیا کو سب کے لیے ایک بہتر جگہ بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے جہاں تمام لوگوں کے حقوق بالخصوص جائز اور ناقابل تنسیخ حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو ان کے حقوق دلائے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات ، جغرافیائی و سیاسی تناو¿ میں اضافہ اور گلوبل ساوتھ کی گہری ہوتی اقتصادی مشکلات عالمی نظام کے بڑے چیلنجوں کی نشاندہی کرتے ہیں ، اقوام متحدہ کے چارٹر کا منصفانہ طریقے سے نفاذ بھی ایک بڑا چیلنج ہے