اسلام آباد: ” یوم یکجہتی کشمیر“ کے موقع پر خصوصی ریلی نکالی گئی

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج” یوم یکجہتی کشمیر“ کے موقع پر خصوصی ریلی نکالی گئی ، ریلی کے شرکاء نے بھارتی غلامی کی زنجیروں میں جکڑے کشمیریوں کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کے پرامن حل پر زور دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چائنہ چوک سے ڈی چوک تک نکالی گئی ریلی کی قیادت وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کی جبکہ حریت نمائندوں، سیاسی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی ریلی میں شرکت کی۔
انہوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ریلی کے مقررین نے مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی توجہ جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے وعدوں کے مطابق پرامن حل میں سہولت فراہم کرے۔
شرکاءنے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔







