کراچی :”یوم سیاہ “کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کی زیرِ اہتمام ریلی کا انعقاد
کراچی:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے زیر اہتمام آج 27 اکتوبر یوم سیاہ کے طور پر منانے کے موقع پر کراچی میں ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی ، جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ، سید اعجاز احمد، عبدالحمید لون اور شیخ عبدالماجد نے کی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ریلی کراچی آرٹس کونسل سے شروع ہوکر کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر کراچی کی عوام اور مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔ریلی کے شرکانے مقبوضہ جموںوکشمیر میں نہتے لوگوں پر بھارت کے جابرانہ مظالم کی مذمت کی ۔ انہوںنے بھارت مخالف نعرے لگائے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ کیا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق نے کہا کہ کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم عالمی برادری کی توجہ کے متقاضی ہیں ۔ جماعت اسلامی کے محمد حسین محنتی نے بھی کشمیری عوام کے حق میں آواز اٹھائی اور کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔آزاد کشمیر کے سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کو انکا حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے۔ جمعیت علما اسلام کے مولانا نور الحق نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے حق کے لیے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتے رہیں گے اور ان کی آزادی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ریلی میں پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شرمیلا فاروقی، آزاد کشمیر اسمبلی کے ممبر عامر غفار لون، اور تحریک نوجوانان کراچی کے صدر فیضان حسین نے بھی اظہار خیال کیا اور کشمیری عوام کی جدو جہد کو خراج تحسین پیش کیا۔ شرکاء نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارت پر دباو¿ ڈالے تاکہ کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت مل سکے۔ریلی کے اختتام پر کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے کنوینئر غلام محمد صفی نے ریلی میں شریک عوام اور جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی ۔
دریں اثنا جموں و کشمیر اتحاد کمیٹی کے زیر اہتمام یوم سیاہ کے حوالے سے راول پنڈی میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام کے مہمان خوصی ڈاکٹر لطیف انجم تھے۔
مقررین ڈاکٹر لطیف انجم، فیاض احمد، خالد شبیر، انعام الحق اور جموں کشمیر اتحاد کمیٹی کے نائب چیئرمین عبدالرشید بٹ نے اپنی تقاریرمیں کہا کہ بھارت نے27 اکتوبر 1947 کو مسلم اکثریتی جموںوکشمیر پر فوجی یلغار کر کے کشمیریوں کو غلام بنا لیا ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارت کی حیثیت ایک جارح کے سوا کچھ نہیں ، کشمیری غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف عظیم قربانیاں دے رہے ہیں جو ایک ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔