بھارت : دلتوں کیلئے ہریجن کا لفظ استعمال کرنے پر یوگی آدتیہ ناتھ تنقید کی زد میں
لکھنو: بھارت میں آزاد سماج پارٹی کے رہنما چندر شیکھر آزاد نے دلتوں کیلئے ہریجن کا لفظ استعمال کرنے پر اتر پردیش کے ہندوتوا وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایاہے۔ ہریجن لفظ کو سخت توہین آمیز سمجھا جاتا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چندر شیکھر آزاد نے اپنے بیان میں کہا کہ اونچی ذات کے ہندو دلتوں کیلئے ”ہریجن“ کا استعمال کرتے ہیں حالانکہ سرکاری طور پر اس لفظ کے استعمال کی ممانعت ہے ۔انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت نے بھی 1982 میںتمام ریاستوں کی انتظامیہ کو شیڈول کاسٹ برادریو ں کیلئے ہریجن کی اصطلاح استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ آدتیہ ناتھ ایک اہم آئینی عہدے پر فائز ہیں لیکن وہ ان اہم رہنما خطوط سے بے خبر نظر آتے ہیں۔ آزاد نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ آدتیہ ناتھ نے ہریجن کالفظ استعمال کر کے دانستہ طور پر دلت برادری کی توہین کی ہے۔