چھتیس گڑھ : بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تین خواتین ہلاک
رائے پور:شورش زدہ بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں بھارتی فورسز نے کم سے کم تین خواتین کو ہلاک کر دیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ، اسپیشل ٹاسک فورس اور بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے ریاست کے ضلع بستر کے علاقے ابوجھمد میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ان خواتین کو قتل کیا ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس نارائن پور پربھات کمار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ، اسپیشل ٹاسک فورس اور بارڈر سیکورٹی فورس کی ایک مشترکہ ٹیم نے مائونوازباغیوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر ضلع نارائن پور کے علاقے ابوجھمد علاقے میں تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ کارروائی کے دوران بھارتی فورسز نے فائرنگ بھی کی ۔علاقے سے پولیس کو تین خواتین کی لاشیں ملی ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی فورسز ریاست میں مختلف جعلی مقابلوں میں خواتین سمیت 192 افراد کو ہلاک کردیاہے۔پانچ دن پہلے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہاتھا کہ علیحدہ وطن کا مطالبہ کرنے والے نکسل باغیوں اور مائونوازوں کے مکمل خاتمے کا وقت آگیا ہے۔