شہدائے جموں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے مظفر آباد میں ریلی کا انعقاد
مظفرآباد: نومبر 1947کے شہدائے جموںکو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے مظفر آباد میں ایک ریلی کا انعقاد کیاگیاجس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ر یلی کے شرکا ء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شہدائے جموں کو خراجِ عقیدت پیش کیاگیا ۔ ریلی کے شرکا ء نے برہان وانی چوک سے گھڑی پن چوک تک مارچ کیا ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ نومبر1947ء میںجموں میں ڈوگرہ فوجیوں اور ہندو بلوائیوں کے حملوں میں لاکھوں مسلمان شہید کئے گئے تھے۔ہندو انتہا پسند تنظیموں راشٹریہ سیوک سنگھ ، بجرنگ دل ، شیو سینااور ڈوگرہ فوجیوں نے لاکھوں مسلمانوں کو ہجرت کرنے پر مجبور کیا ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکمرانوں کی مدد سے 6نومبر 1947کو مسلمانان جموں کی منظم نسل کشی کرکے انکی غالب اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام آزادی کے حصول تک بھارتی جبرواستبدادکے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے ۔ مقررین نے کہاکہ جموں و کشمیر کے عوام شہدائے جموں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ریلی سے دیگر لوگوں کے علاوہ حریت راہنما مشتاق احمد بٹ ، پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، مشتاق الاسلام اوربلال احمد فاروقی نے بھی خطاب کیا۔