وزیراعظم آزاد کشمیرکا چوہدری غلام عباس کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت
مظفر آباد: وزیراعظم آزاد جموں وکشمیرچوہدری انوارالحق نے کشمیری رہنما رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ کشمیر میں دو قومی نظریہ کے محافظ، الحاق پاکستان کے مضبوط داعی اور کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے پاسبان تھے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چوہدری انوار الحق نے ایک خصوصی پیغام میں کہاکہ چوہدری غلام عباس کے کردار کی شفافیت ہم سب سیاسی کارکنان کے لیے ایک مثال ہے۔انہوںنے کہا کہ وہ پوری کشمیری قوم کے لیڈرتھے جنہو ں نے اپنی زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کررکھی تھی۔انہوں نے کہا کہ چوہدری غلام عباس نے قائد اعظم محمد علی جناح کے ایک با اعتماد ساتھی اور تحریک پاکستان کے ایک نڈر سپاہی کی حیثیت سے نظریہ پاکستان کی سربلندی کے لئے جو جرات مندانہ جدوجہد کی وہ بلاشبہ تاریخ کشمیر اور پاکستان کا ایک سنہری باب ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ ان کی والہانہ عقیدت کا ثبوت یہ ہے کہ انہوں نے اسلام اباد میں دفنائے جانے کی وصیت کی ۔ وہ با کردار، باعمل اوربااصول سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک درویش صفت شخصیت اور ملت کیلئے انتہا ئی دردمندی رکھنے والے عظیم انسان تھے۔ چوہدری غلام عباس نے مسلمانان کشمیر کی درست سمت میں رہنمائی کی اور انہیں ایسا پلیٹ فارم دیا جس سے انہوں نے ناقابل فراموش جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ قائد ملت نے کانگریس اور شیخ عبداللہ کے نظریات کا انتہائی دانشمندی اور دلیری سے مقابلہ کیا۔ کشمیری مہاجرین کی پاکستان میں آباد کاری میں انہوں نے نہ صرف بھرپور کردار ادا کیا بلکہ اپنے دامن کو ہر قسم کے لالچ اور ذاتی فائدے سے پاک رکھا۔ انہوں نے کہاکہ رئیس الاحرار کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے کردار کو ہم اپنی زندگیوں میں اپنائیں۔ جس طرح انہوں نے نظریاتی و فکری جدوجہد کی اور جس طرح حکومت آزاد کشمیر کے سپریم ہیڈ اور مہاجرین کی آبادکاری کی کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر کردار اور عمل کی شفافیت کا نمونہ پیش کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزادی کشمیر اور نظریہ تکمیل پاکستان کا چوہدری غلام عباس کا خواب انشا اللہ جلد شرمندہ تعبیر ہو گا۔